سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خبر آگئی ہے۔
وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس وفاقی ملازمین کیلئے سرکاری رہائش مختص کرنے کے قواعد میں ترمیم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس حوالے سے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے ایک عہدیدار نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایا کہ الاٹمنٹ رولز 2002 میں ترمیم کیلئے ایک مجوزہ ترمیم زیر غور ہے جسے جلد از جلد نافذ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس گورنمنٹ ہاؤس الاٹمنٹ کے رول 20 کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، قانون کے تحت ریٹائرڈ وفاقی ملازم کو مختص سرکاری گھران کے ملازمت پیشہ بیٹے یا بیٹی کے نام منتقل ہوجاتا ہے۔
وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ ویٹنگ لسٹ ملازمین کا خیال ہے کہ اس قانون کے تحت سرکاری گھر کو آگے اولاد کو منتقل کرنا ناانصافی پر مبنی ہے کیونکہ اس سے سینئر ملازمین کے حقوق متاثر ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افسران اور ملازمین ریٹائرمنٹ سے قبل اپنے بیٹے یا بیٹی کو بھرتی کرواتے ہیں اور انہیں گھر الاٹ کیا جاتا ہے۔
متاثرہ ملازمین کا مطالبہ ہے کہ گھروں کی الاٹمنٹ صرف سنیارٹی کے اصول پر کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے قواعد میں اصلاحات کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی جس نے رول 20 ختم کرنے کی سفارش کی ہے تاہم اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت قانون و انصاف سے رائے لی جائے گی۔



















