اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے باوجود ہمیں عدلیہ پر اعتماد ہے۔
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے الیکشن کمیشن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ ہمارا کامن انتخابی نشان ہو تاکہ ہمارا ووٹر کنفوثز نہ ہو، میں ایک درخواست کے پروسس کے لیے الیکشن کمیشن آیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ امیدوار آزاد ہیں، ہارس ٹریڈنگ کے خدشات موجود ہیں لیکن ہمارے ساتھ مخلص پارٹی امیدوار میدان میں ہیں، مشکل وقت میں ورکرز ہمارے ساتھ رہے، مجھے امید ہے کہ وہ کرپشن نہیں کریں گے۔
بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے باوجود ہمیں عدلیہ پر اعتماد ہے، بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد غیر آئینی اور غیر قانونی ہے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں بھی جا کر امیدوار پارٹی کا حصہ رہیں گے کیونکہ کاغذات نامزدگی پر پارٹی کا نام لکھا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پارٹی امیدواروں کی لسٹ اپڈیٹ کر دی ہے، کل تک ان کے انتخابی نشان بھی اپ ڈیٹ کر دیں گے، ان امیدواروں کے لیے انتخابی مہم بھی چلائیں۔
بیرسٹر گوہر علی نے مزید کہا کہ ہم یہ عوام پر چھوڑیں گے کہ وہ جس کو چاہیں ووٹ دیں، ہم نظر ثانی کی اپیل دائر کریں گے کیونکہ یہ ہمارا آئینی و قانونی حق ہے، میرے گھر سے سرسری کاغذات اٹھائے گئے۔



















