اسلام آباد: عام انتخابات میں چند روز باقی ہیں، تاہم الیکشن کی شفافیت پر سوالیہ نشان اٹھ رہے ہیں۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکریٹریٹ کو صحافیوں کے لیے نو گو ایریا بنا دیا گیا ہے، خصوصی ہدایات ہیں کہ صحافی الیکشن کمیشن کے کسی ڈیپارٹمنٹ سے خبر حاصل نہ کر سکیں۔
ذرائع نے بتایا کہ اعلیٰ حکام الیکشن کمیشن کے افسران اور اہلکاروں کی کڑی نگرانی کر رہے ہیں، تاہم الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام نے صحافیوں کو انتخابات سے متعلق خبروں سے دور رکھنے کا منصوبہ بتایا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکریٹریٹ کی ہر راہداری میں ایف سی اور پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی اہلکار کا کہنا ہے کہ ہمیں ہدایات ہیں کہ صحافیوں کو صرف میڈیا روم تک محدود رکھا جائے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بینچ میں انتخابی نشانات کی زبردستی تبدیلی سے متعلق کیس کی سماعت بھی گزشتہ روز خاموشی سے کی گئی، میڈیا کو کورٹ روم اور لاء ونگ تک جانے کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔
رجسٹرڈ ووٹرز کی تفصیلات جاری
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات فروری 2024 کے لیے ملک بھر کے رجسٹرڈ ووٹرز کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔
الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں 12 کروڑ 85 لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز میں سے بڑی تعداد نوجوانوں پر مشتمل ہیں۔ فروری کے عام انتخابات میں 18 سے 25 سال کے دو کروڑ 35 لاکھ 18 ہزار 371 ووٹر حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔
رپورٹس کے مطابق 26 سے 35 سال عمر کے 3 کروڑ 33 لاکھ 45 ہزار 825 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے، الیکشن کمیشن میں درج 36 سے 45 سال کے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد دو کروڑ 87 لاکھ 47 ہزار 658 ہے، جو آنے والے انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
46 سال سے 55 سال تک کی عمر کے ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 85 لاکھ 44 ہزار 434 ہے جو اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے جبکہ 56 سے 65 سال تک کی عمر کے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 21 لاکھ 37 ہزار 344 ہے
65 ملک میں 65 سال سے زائد عمر کے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 1 کروڑ 22 لاکھ 92 ہزار 130 ہے، جنہیں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کا موقع ملے گا۔
الیکشن کمیشن کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں 18 سے 35 سال تک کے ڈیڑھ کروڑ سے زائد ووٹرز پہلی مرتبہ حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔



















