چین نے ایک بار پھر پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کر دی ہے۔
چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے پاکستان کا دورہ کیا، اس موقع پر انہوں نے وزارت خارجہ میں تصویری نمائش اور سی پیک لائبریری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین اپنے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں اور اہم مسائل پر دونوں ممالک ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ چین دہشتگردی کے کسی بھی خطرے کے خلاف پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا جبکہ آہنی بھائی اور قابلِ اعتماد دوست کی حیثیت سے چین اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ ںے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے اور انہیں عوام کی ہر طرح کی حمایت بھی حاصل رہی۔



















