عام انتخابات کے دوران سندھ میں کتنی نفری تعینات ہوگی مزید کیا ضروریات اور اخراجات درکار ہیں؟ اس حوالے سے سندھ پولیس نے الیکشن کمیشن کو سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کردیا۔
سندھ پولیس نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا کہ عام انتخابات کے لئے سندھ میں 1 لاکھ 22 ہزار اہلکار تعینات کرنے کی تجویز ہے، سندھ میں 1 لاکھ 5 ہزار اہلکار دستیاب ہیں جبکہ 17 ہزار کی کمی ہے۔
پولیس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پاک فوج اور رینجرز انتہائی حساس مقامات پر تعینات ہوگی، پاک فوج اور رینجرز جوان انتہائی حساس مقامات پر گشت کریں گے۔
الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ سندھ میں مجموعی طور پر 19 ہزار 4 پولنگ اسٹیشنز ہیں، جن میں 6 ہزار 593 حساس 6 ہزار 457 انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن ہیں۔
اس کے علاوہ سندھ میں نارمل پر 4 اہلکار حساس پر 6 انتہائی حساس پر 8 اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ 1 لاکھ 15 ہزار30 پولیس اہلکار 7 ہزار کیو آرایف درکار ہیں۔
سندھ پولیس نے الیکشن کمیشن کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کھانے کی مد میں 21 کروڑ 28 لاکھ 4 ہزار 647 درکار ہیں جبکہ اضافی فورس، گاڑیوں، مشینری مرمت اور اسٹیشنری بھی درکار ہے، تاہم مجموعی طور پر 62 کروڑ 54 لاکھ سے زائد رقم درکار ہوگی۔
دوسری جانب الیکشن کیلئے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز تعینات کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے، فوجی اور نیم فوجی دستے حساس حلقوں میں کیو آر ایف کے طور پر تعینات کیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکیورٹی ضروریات کے پیش نظر 2 لاکھ 77 ہزار فوجی اہلکار تعینات کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
بعدازاں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ایک بار پھر اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔
انکا کہنا تھا کہ ادارے یا پولنگ اسٹاف کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی کہ انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں، ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تر پیش بینی اور تیاری مکمل ہے، ملک کے کچھ حصوں میں تھریٹ الرٹس ہیں لیکن پرامن انتخابات میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ پولنگ سٹیشنز کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے، مرمت کا کام الیکشن سے قبل ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا، تمام حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔



















