انتخابی نشان سے محروم ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو ایک اور شدید دھچکا لگ گیا ہے۔
الیکشن رولز 2017 کے رولز 94 کے مطابق آئندہ انتخابات میں آزاد امیدوار کامیابی کی صورت میں اسی سیاسی جماعت میں شامل ہوسکیں گے جسے الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان جاری کیا ہوا۔
رولز کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے آزاد امیدوار کامیابی کی صورت میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار نہیں کرسکیں گے۔
سیکشن 94 کے مطابق آزاد امیدوار 3 روز میں سیاسی جماعت میں شمولیت کا اعلان کرے گا، اسی رولز 94 میں وضاحت کی گئی ہے کہ سیاسی جماعت کا مطلب جسے الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشان جاری کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن پارٹی آئین کے مطابق نہ کرنے پر پاکستان تحریک انصاف سے انتخابی نشان واپس لے لیا گیا اور اب پارٹی کے امیدوار آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کیلئے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی ہے جس میں پی ٹی آئی کے کسی امیدوار کا نام شامل نہیں ہے۔



















