Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عام انتخابات؛ سرکاری افسران کی تصاویر کی تشہیر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار

اسلام آباد: عام انتخابات میں سرکاری افسران کی تصاویر پوسٹرز پر آویزاں کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دے دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چاروں صوبائی چیف سیکرٹریز اور الیکشن کمشنرز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

مراسلے میں ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو سرکاری افسران کی تصاویر استعمال کرنے والے امیدواروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت دے گئی ہے۔

‏الیکشن کمیشن نے کہا کہ امیدوار اپنے پوسٹر، بینرز اور ہینڈ بلز پر کسی سرکاری اہلکار یا افسر کی تصویر نہیں لگا سکتے، سرکاری اہلکار یا افسر کی تصویر کا استعمال ضابطہ اخلاق کی شق 27 کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کا اعلامیہ

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر کے نام سے جعلی وٹس ایپ کالز اور پیغامات سے ہوشیار رہیں، کالز اور پیغامات کی تصدیق کے لئے چیف الیکشن کمشنر کے اسٹاف افسر سے لینڈ لائن پر رابطہ کریں۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ ممبران الیکشن کمیشن یا کسی سینئر افسر کی ٹیلی فون کال یا میسج ملنے کی بھی تصدیق کی جائے۔

ترجمان نے اعلامیے میں مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کے افسران اور عملہ بھی واٹس ایپ کالز کی تصدیق چیف الیکشن کمشنر کے اسٹاف افسر سے لینڈ لائن پر کریں اور الیکشن کمیشن کا عملہ، ڈی آر او اور آر او بغیر تصدیق کسی کال یا میسج پر عمل نہ کریں۔

متعلقہ خبریں