پشاور: صوبائی الیکشن کمشنر عزیز بہادر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنائے گا۔
الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا عزیز بہادر نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ الیکشن کے لیے سیکیورٹی اہلکاروں سمیت تمام پولنگ عملے کو ٹریننگ دی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن رولز و قوانین پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا، کسی نے بھی اپنی ذمہ داری سے تجاوز کیا تو قانون حرکت میں آئے گا۔
عزیز بہادر نے کہا کہ دھاندلی کے الزامات لگتے رہتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنائے گا کیونکہ کہ نتائج پولنگ اسٹیشن سے ریٹرننگ آفیسر کے پاس اور الیکشن کمیشن کے پاس آتا ہے اور نتائج مکمل ہونے کے بعد فارم 45 کوئی بھی لے سکتا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے واضح کیا کہ کسی بھی حلقے میں خواتین ووٹوں کی شرح دس فیصد سے کم ہوئی وہاں الیکشن دوبارہ ہوگا، جہاں بھی خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا یا معاہدہ سامنے آیا وہاں کارروائی ہوگی الیکشن رولز و قوانین پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔
عزیز بہادر نے مزید کہا کہ عام انتخابات کے لئے الیکشن کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں، انتخابات کے لیے پولنگ اسٹیشنز کی فہرست تیار ہے، حتمی فہرست ایک دو روز میں جاری ہوجائے گی جبکہ خیبرپختونخوا میں پولنگ اسٹیشن کی تعداد 15 ہزار 7 سو اور پولنگ بوتھ 47 ہزار 5 سو ہے۔



















