Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سولر سسٹم لگوانے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خبر

سولر سسٹم لگوانے کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خبر آگئی ہے۔

انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق 2023 کے دوران سولر پینلز میں نصف کی حد تک گراوٹ آئی ہے اور اس وقت بھی قیمتیں گر ہی رہی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق آن لائن مصنوعات فروخت کرنے والی ویب سائٹ ’ایمازون‘ پر بھارت میں کم سے کم قیمت والا سولر سسٹم 25 ہزار روپے میں لگانے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

 25 ہزار والے سولر سسٹم میں ایک چارج کی جانے والی بیٹری، ایک انورٹر اور ایک سولر پینل ہو گا جس کے لیے کم از کم 80 مربع فٹ چھت کا رقبہ ہونا چاہیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 25 ہزار والے سولر سسٹم پر زیادہ سے زیادہ ایک بلب اور ایک پنکھا ہی چل سکتا ہے اور کسی گھر کے لیے مناسب اور اچھا سولر سسٹم ڈیڑھ لاکھ روپے میں لگ سکتا ہے جس میں تین کلو واٹ بجلی کی فراہمی ہو گی۔

 اسی طرح پانچ کلو واٹ کے سولر سسٹم کے لیے تقریبا ڈھائی لاکھ انڈین روپے تک کے اخراجات آئیں گے۔

پاکستان میں صورتحال یکسر مختلف ہے اور یہاں تین کلوواٹ کا سولر سسٹم پانچ سے چھ لاکھ کے درمیان دستیاب ہے جبکہ پانچ کلو واٹ کے سسٹم کی قیمت 7 سے 9 لاکھ کے درمیان ہے۔

اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈیا اور پاکستان میں سولر سسٹمز کی قیمتوں میں سب سے بڑا فرق تو دونوں ملک کی کرنسیوں کی قدر میں پایا جانے والا فرق ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈیا میں تو شاید تین کلو واٹ کا سولر سسٹم ڈیڑھ لاکھ روپے میں نصب ہونا ممکن ہے لیکن پاکستان میں ایسا بالکل ناممکن ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمیں ایسے سسٹم کے لیے سستے سے سستا انورٹر جو دستیاب ہو گا اُس کی قیمت 75 ہزار روپے ہے اور بیٹری تقریباً 20 سے 25 ہزار روپے کی لگا لیں، باقی سولر پینلز وغیرہ کا خرچہ اس میں شامل کریں تو یہ انڈیا کے مقابلے میں اچھا خاصا مہنگا ہو جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں