Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عام انتخابات میں چند روز باقی، الیکشن کمیشن تاحال حتمی پولنگ اسکیم جاری نہ کرسکا

عام انتخابات میں چند روز باقی رہ گئے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن تاحال حتمی پولنگ اسکیم جاری نہ کر سکا۔

الیکشن کمیشن اپنے ہی دیے گئے شیڈول پر عمل نہ کرسکا، شیڈول کے مطابق 24 جنوری تک چاروں صوبوں اور اسلام آباد کی حتمی پولنگ اسکیم جاری ہونا تھی۔

 دو دن گزرنے کے باوجود الیکشن کمیشن حتمی پولنگ اسکیم نہ دے سکا، پولنگ اسکیم میں قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں کی مکمل تفصیل ہوتی ہے، حتمی پولنگ اسکیم میں حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی معلومات بھی شامل ہوتی ہے۔

ذرائع الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ حتمی پولنگ اسکیم جاری ہوگی؟ کچھ خبر نہیں۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے ایک بار پھر اعلان کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو ہی ہوں گے۔

انکا کہنا تھا کہ ادارے یا پولنگ اسٹاف کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

چیف الیکشن کمشنر کو انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی کہ انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں، ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام تر پیش بینی اور تیاری مکمل ہے، ملک کے کچھ حصوں میں تھریٹ الرٹس ہیں لیکن پرامن انتخابات میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ پولنگ سٹیشنز کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے، مرمت کا کام الیکشن سے قبل ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا، تمام حساس ترین پولنگ سٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔

بعدازاں  الیکشن کیلئے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسز تعینات کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے، فوجی اور نیم فوجی دستے حساس حلقوں میں کیو آر ایف کے طور پر تعینات کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکیورٹی ضروریات کے پیش نظر 2 لاکھ 77 ہزار فوجی اہلکار تعینات کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں