شکر گڑھ: مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے لاڑکانہ کا موازنہ نارووال سے کرنے کا چیلنج دہرا دیا۔
رہنما ن لیگ احسن اقبال نے پنڈوری میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول کو ایسے ہی نہیں کہہ رہا کہ بڑھکیں نہ مارو، بلاول کو کہا ہے کہ لاڑکانہ کا موازنہ نارووال سے کر لے، بلاول بھٹو زرداری نے ابھی تک میرے چیلنج کا جواب نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ن لیگ مرکز اور صوبے میں حکومت بنائے گی، جو مسلم لیگ کو ووٹ دے گا وہ فائدے میں رہے گا، جب بھی ن لیگ کی حکومت آئی ملک نے ترقی کی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن پاکستان کی ماں ہے، دشمن بھی جان چکے ہیں کہ عوام کی رائے ن لیگ اور نواز شریف کے ساتھ ہے۔
انکا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ایک فتنہ اور فریب ہے، بیرونی طاقتیں بانی پی ٹی آئی کے ذریعے انتشار پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ 9 مئی کو پی ٹی آئی والوں نے چھاؤنیوں پر حملہ کیا، بانی پی ٹی آئی کے پیروکاروں نے جناح ہاؤس کو جلا کر راکھ کیا۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ کوئی پاکستانی اپنے شہیدوں کی تصاویر مسل سکتا ہے؟ کیا چھاؤنیوں پر حملہ کرنے والوں اور دہشت گردوں میں کوئی فرق ہے؟ ایک مذہبی جماعت، مذہب کے نام پر قوم کو تقسیم کر رہی ہے۔



















