Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیاست کو سیاست رہنے دیں دشمنی میں تبدیل نہ کریں، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سیاست کو سیاست رہنے دیں دشمنی میں تبدیل نہ کریں۔

بلاول بھٹو زرداری نے مالاکنڈ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالاکنڈ میں کھڑے ہوکراپنے بھائیوں سے مخاطب ہوں، آپ نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا شہادتیں قبول کیں، مالاکنڈ والو آپکے پاس 8فروری کو ایک موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام فیصلہ کریں کہ ان کا وزیراعظم کون ہوگا، سیاسی جماعتیں طے کریں کہ سیاست کو دشمنی میں تبدیل نہیں کریں گی، ذاتی دشمنی کا نقصان ملک اور معیشت کو ہوتا ہے۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ مولانا صاحب کہتے ہیں کتاب پر ٹھپہ لگائیں آپ جنت میں چلیں جائیں گے، آپکو تاریخی غربت کا سامنا انکی پرانی سیاست کی وجہ سے کرنا پڑرہا ہے۔

انکا کہنا تھا کہ کیا ن لیگ والے ووٹ کی عزت کررہے ہیں؟ میں جشن نہیں مناؤں گا بانی پی ٹی آئی کو توبہ کرنی چاہیے، بانی پی ٹی آئی اور نوازشریف مکافات عمل اس دنیا میں دیکھیں گے، نوازشریف نے مکافات عمل کے طور پر بیٹی کے ساتھ انتقامی سیاست ہوتے ہوئے دیکھی، بانی پی ٹی آئی سیاسی مخالفین کی بیٹیوں کو گرفتارکر رہے تھے، افسوس ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کوجیل جانا پڑرہا ہے، بانی پی ٹی آئی مکافات عمل دیکھ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کہتےتھے کہ وہ رلائیں گے مگرخود رو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو امید دلائی کہ وہ تبدیلی لائیں گے، بانی پی ٹی آئی نے جب حکومت بنائی تویوٹرن لیے، میں انکی طرح نہیں دائیں بائیں دیکھوں، میں عوام کی طرف دیکھتا ہوں، نوازشریف، بانی پی ٹی آئی کو احساس ہونا چاہیے جو کیاوہ دنیا میں دیکھنا پڑے گا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم تمام مسائل کا مل کرمقابلہ کریں گے، کہتے تھے موسم خراب ہے، دہشت گردی ہے انتخابات ملتوی کیے جائیں، تمام پرانے سیاستدانوں کوکہنا چاہتا ہوں آپ ملکی معیشت کےساتھ نہ کھیلیں۔

چیئرمین پی پی نے کہا کہ لوگ آجکل لیول پلیئنگ فیلڈ کا رونا رورہےہیں،  2018 میں پی پی کو الیکشن میں انتخابی مہم چلانے نہیں دی گئی، پیپلزپارٹی کو تو کسی الیکشن میں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔

انکا کہنا تھا کہ آصف زرداری کا گلا اور زبان کاٹی گئی، آصف زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، اشرافیہ کو تکلیف پہنچاؤں گا اور عوام کو ریلیف دوں گا، غریبوں کو بےنظیر مزدور کارڈ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں نواز شریف آپکا چوتھی بار وزیراعظم نہ بنیں تو تیر کو ووٹ دیں، آپ کو ہماری شکل پسند ہو یا نہ ہو میدان میں ہم اور وہ کھڑے ہیں، پیپلزپارٹی ہی وہ جماعت ہے جو شیر کا راستہ روک سکتی ہے اور شکار کرسکتی ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ میاں صاحب چوتھی بار وزیراعظم بننا چاہتے ہیں وہ کرنا کیا چاہتے ہیں؟ ایک ہی طریقہ ہے کہ چوتھی بار والی سازش کو ناکام کرنا ہے تیر کو ووٹ دینا ہے۔

جانتا ہوں آج کل پی ٹی آئی کے کارکن جذبات میں ہیں، بانی پی ٹی آئی کو دس سال کی سزا ہوئی سزائے موت بھی ہوسکتی تھی مگر وکلاء عدالت نہیں آتے تھے، ان کو ان کے اپنے لوگوں نے پھنسایا ہے، اب یہ ہی لوگ باہر جاکریں کہیں کہ ہم بانی پی ٹی آئی کے سفیر ہیں ہمیں ووٹ دیں، یہ لوگ منتخب ہوکر بھی بانی پی ٹی آئی کو پارلیمان میں دھوکہ دیں گے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ پاکستان کے عوام سے اپیل ہے کہ چنو نئی سوچ کو، ن لیگ کے نظریاتی کارکنوں سے اپیل ہے کہ ن لیگ ووٹ کی عزت نہیں بلکہ بےعزت کررہی ہے، ن لیگ کے کارکنوں کے لیے بھی ایک ہی نشان ہے اور وہ ہے تیر کا نشان، تیر پر مہر لگا کر شیر کا راستہ روکیں۔

متعلقہ خبریں