Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سانحہ ایران؛ 5 افراد کی لاشیں علی پور پہنچا دی گئیں

چھ روز قبل ایران میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے 5 افراد کی لاشیں علی پور پہنچا دی گئی ہیں۔

شہداء کے لواحقین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد اسسٹنٹ کمشنر آفس پہنچ گئی ہے، تاہم شہداء میں اظہر، آصف، غلام شبیر، محمد شعیب، محمد اکمل شامل ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر آفس میں پانچوں شہداء کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں، تاہم ایک ہی شہر میں پانچوں لاشیں پہنچنے پر شہر بھر میں ہر آنکھ اشکبار ہے۔

ایران میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے شہید اور زخمی ہونے والے مزدور گزشتہ 10 سال سے محنت مزدوری کر رہے تھے۔

دو روز قبل ایران میں شہید ہونے والے 9 پاکستانی شہریوں کے جسد خاکی کی منتقلی کے معاملے پر ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا تھا کہ شہید پاکستانی شہریوں کے جسد خاکی تافتان سے ملتان پہنچائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 9 پاکستانی شہری 27 جنوری کو سیستان بلوچستان میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہوئے تھے، اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعاگو ہیں۔

واضح رہے کہ 27 جنوری کو پاکستان دشمن دہشت گرد سرمچاروں نے ایرانی سرزمین پر پاکستانی شہریوں پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں میں 9 پاکستانی شہید اور 5 زخمی ہوگئے تھے۔

لواحقین کا مؤقف تھا کہ شہید پاکستانی 8 سال سے ایران میں محنت مزدوری کررہے تھے، دہشتگردوں نے گھر میں داخل ہوکر چن چن کر گولیاں مار کر شہیدکیا، حکومت لاشیں آبائی علاقوں میں منتقل کرنےکے لیےکردار ادا کرے۔

بعدازاں پاکستان نے ایرانی حکام سے گھناؤنے واقعے کی فوری تحقیقات اور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا تھا کہ پاکستانی سفارتخانہ شہریوں کے جسد خاکی جلد از جلد وطن واپس لانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گا، ایسے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کے عزم خو متزلزل نہیں کر سکتے۔

متعلقہ خبریں