Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سولر پینل استعمال کرنے والوں کیلئے تشویشناک خبر

سولر پینل استعمال کرنے والوں کیلئے تشویشناک خبر آگئی ہے۔

حال ہی میں سولر پینلز کی کارکردگی سے متعلق پاکستان کے کے مختلف علاقوں میں کی جانے والی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گرد و غبار سے سولر پینلز کی کارکردگی شدید متاثر ہوتی ہے۔

تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ گرد جمنے سے سولر پینلز کی عمر اور کارکردگی دونوں پر شدید منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

اس تحقیق میں ماہرین نے ملک کے مختلف حصوں میں 40 پینلز پر مشتمل دو پی وی سسٹمز کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے محققین نے مختلف ماحول میں بھی سولر پینلز کی کارکردگی جانچی۔

انہوں نے کہا کہ گندے ماحول میں سولر پینلز کی کارکردگی انتہائی ناقص رہی جبکہ صاف ستھرے ماحول میں گرد و غبار بہت کم ہونے سے سولر پینلز کی کارکردگی بہت اچھی رہی۔

تحقیق کے دوران ماحول کے فرق کا اندازہ لگانے کے لیے اسلام آباد اور بہاولپور کو مرکزی مقامات کی حیثیت میں منتخب کیا گیا۔

واضح رہے کہ بہاولپور صحرائی علاقہ ہے۔ وہاں موسم خشک رہتا ہے اور بارش بھی کم ہوتی ہے۔ گرد و غبار کے طوفان اٹھتے رہتے ہیں۔ وہاں گرد جم جانے کے باعث سولر پینلز کی کارکردگی خاصی ناقص رہی۔

اس کے برعکس اسلام آباد میں ماحول بہت صاف ستھرا ہے۔ وہاں اوسط درجہ حرارت 20.3 سینٹی گریڈ رہتا ہے۔ خشک ترین مہینوں میں بھی بارش ہوتی ہے جس سے پی وی ماڈیولز کی صفائی ہو جاتی ہے۔ اسلام آباد میں سولر پینلز سے بجلی کی پیداوار نمایاں طور پر زیادہ رہی۔

متعلقہ خبریں