Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

’ہماری حکومت چلتی تو جلسے میں موجود کوئی شخص بے روزگار نہ ہوتا‘

مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ ہماری حکومت چلتی توجلسے میں موجودکوئی شخص بے روزگار نہ ہوتا۔

 مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے گوجرانوالہ میں ن لیگ کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے دور میں صرف کرپشن کم نہیں روٹی کی قیمت بھی سب سے کم تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا، آئی ایم ایف نے کہا پاکستان ایسے ہی ترقی کرتا رہا تو ہماری ضرورت نہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ جب وزیراعظم تھا تو سی پیک آیا60 ارب کی سرمایہ کاری ہو رہی تھی، گجرات میں ترقیاتی کام شہبازشریف نے کیے نام میرا لگا رہے ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ یہ دھرنے دے رہے تھے ہم بجلی کے کارخانے بنا رہے تھے، یہ بجلی کے کارخانے بھی شہبازشریف نے لگائے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جو جج استعفیٰ دے کر گھر چلا گیا یہ وہ جج تھا جس نے مجھے سزا دلوائی، ہماری حکومت چلتی تو جلسے میں موجود کوئی شخص بے روزگار نہ ہوتا۔

نواز شریف نے کہا کہ ہمارے دور میں چھوٹی گاڑی 5 سے 10 لاکھ میں آتی تھی، ہمارے دور میں70سی سی موٹرسائیکل 70 ہزار روپے کی تھی، ٹریکٹر8 لاکھ روپے کا تھا آج 38 لاکھ کا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ ہمارے دورمیں سبزی10-10روپے کلو ملتی تھی، ڈالر104روپے کا تھا آج 290 روپے کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں 4 روپے کی روٹی ملتی تھی، آج کوئی بجلی کا بل نہیں دے پا رہا، پاکستان کی روشنیاں واپس لائیں گے، سڑکیں بنائیں گے، جی ٹی روڈ کو بھی موٹروے بنائیں گے۔

نواز شریف نے کہا کہ کچھ لوگ سوشل میڈیا پر طوفان بدتمیزی مچا کر کہتے ہیں کہ یوتھ ان کے ساتھ ہے جبکہ پاکستان کی اصل یوتھ یہ ہے جو ہمارے ساتھ ہے۔

متعلقہ خبریں