Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایم کیوایم کے مردہ گھوڑے کو خوراک دیکر زندہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، مراد علی شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ایک مردہ گھوڑا بن چکی ہے اسے خوراک دے کر زندہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے حیدرآباد میں جلسہ گاہ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو پاکستان میں واحد لیڈر ہیں جو پورے ملک میں جلسے کررہے ہیں، حیدرآباد کے لوگ پیپلز پارٹی کے چاہنے والے ہیں بلاول بھٹو کی سوچ کو سننا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کل میرپور خاص میں بھی تیز بارش تھی اس کے باوجود وہاں کے عوام جلسہ گاہ میں بیٹھے رہے، حیدرآباد میں بارش ہو یا نہ ہو لوگ جلسہ گاہ میں موجود ہوں گے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ حیدرآباد کی عوام ان لوگوں کو ووٹ نہ دیں جو آپ کا ووٹ ضائع کریں، حیدرآباد کی دو قومی اور تین صوبائی اسمبلی کی سیٹوں پر ہمارا سخت مقابلہ ہے باقی سیٹیں تو ہم جیتے ہوئے ہیں، عوام ان کو ووٹ دیں جو ان کا ووٹ آگے جاکر نہ بیچیں بلکہ انہیں ووٹ دیں جو اپنا پروگرام بیچ رہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ امپائر شہر کی عوام ہے اس شہر کے لوگ اپنے نمائندے چنیں گے کوئی اور نہیں چنے گا، ڈیڑھ دو سال پہلے جب ملک میں شدید سیلاب آیا تھا اس وقت پیپلز پارٹی کے خلاف پروپیگنڈا کیا تھا اس کے باوجود ہم نے پورے سندھ میں ہم نے سیلاب متاثرین کے ریلیف کے کام کیے۔

رہنما پی پی نے کہا کہ ملک کی عوام اپنے ماضی کو چھوڑیں اپنے مستقبل کی طرف دیکھیں، پاکستان کا مستقبل بلاول بھٹو زرداری ہیں، بلاول بھٹو سب کو ساتھ لے کر چلنے والے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری جن کو ان کے دشمن بھی مانتے ہیں کہ وہ سب کو ساتھ لے کر چلتے ہیں، ان کی رہنمائی میں بلاول کی نئی سوچ پاکستان اور اس کی عوام کو آگے لے کر چلے گی۔

سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایم کیو ایم ماضی میں دہشت گردی کی سیاست کرتی رہی ان کی مرضی کے بغیر کوئی ووٹ نہیں ڈال سکتا تھا، آج وہ ووٹ کے لیے منتیں کررہے ہیں دوسروں سے بھیک مانگ رہے ہیں کہ ہمیں الیکشن جتوادو، انہوں نے بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہم نے ان کی منتیں کیں کہ الیکشن لڑ لو ہم نہیں چاہتے تھے کہ تمہاری جماعت ختم ہو جائے مگر وہ الیکشن نہیں لڑے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ بلاول زرداری کی سوچ تھی کہ ایم کیو ایم اب کراچی کا میئر پیپلز پارٹی سے لائیں اور اب وہ آگئی ہے ایم کیو ایم اب مردہ گھوڑا بن چکی ہے۔

متعلقہ خبریں