صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کو پرامن بنانے کیلئے اقدامات مکمل ہیں۔
عام انتخابات کے موضوع پر الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آٹھ فروری کے صاف شفاف انتخابات کے لئے تیاریاں مکمل ہیں، الیکشن کو پرامن بنانے کے لئے اقدامات مکمل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پانچ لاکھ چوبیس ہزار پولنگ عملہ تعینات کیا گیا ہے، انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔
اعجاز انور نے کہا کہ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل مکمل ہوچکا ہے، الیکشن کمیشن کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ شفاف انتخابات کویقینی بنایا جائے۔
الیکشن کمشنر پنجاب نے کہا کہ تمام امیدواروں اور متعلقہ افراد کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا، تمام معاملات کی نگرانی کے لئے کنٹرول روم قائم کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور شکایات پر کارروائی کی گئی، تاہم ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو قوانین پر عمل کرانے کی واضع ہدایات ہیں۔



















