انتخابات کے دن انٹرنیٹ کی بندش سے متعلق اہم اعلان ہو گیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدار ت الیکشن کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا جس میں صوبے میں الیکشن انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ الیکشن ڈے پر انٹرنیٹ اور موبائل سروس ہر جگہ چلتی رہے گی، کسی جگہ بھی انٹرنیٹ وموبائل سروس بند نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ 9 فروری صبح فجر کے بعد فوری طور پرشہروں کی صفائی شروع کردی جائے، 9 فروری کو تمام علاقوں سے بینرز اور پوسٹرز ہٹائے جائیں، متعلقہ سیکرٹریز بینرز، پوسٹرز ہٹانے کے عمل کی نگرانی کریں۔
محسن نقوی نے کہا کہ 9 فروری کی شام کو تمام علاقوں کو کلیئرکرنے کے بعد رپورٹ دی جائے، 9 فروری کی صبح سے کام شروع کر دیا جائے، تمام شہر صاف ستھرے چاہئیں۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چیف سیکرٹری، آئی جی اور صوبائی الیکشن کمشنر سے رابطہ رکھا جائے، ضلعی انتظامی افسران شفاف الیکشن کیلئے فیلڈ میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز پر 32 ہزار سی سی ٹی وی کیمرے کی تنصیب آج ہر صورت مکمل کی جائے، پنجاب حکومت نے سی سی ٹی وی کیمرے خرید کر1ارب روپے کی بچت کی۔
انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کی بچت پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، سکیورٹی انتظامات اور نفری، ایس او پیز کے مطابق ہونے چاہئیں، الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔
نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کر کے ازالے کا موثر میکانزم بنایا جائے، پرامن اور آزادانہ انتخابات قومی ذمہ داری ہے، آپ سب نے ایک ٹیم کے طور پر یہ ذمہ داری ادا کرنی ہے۔
اجلاس میں آئی جی پنجاب نے صوبہ بھرمیں پولنگ ڈے پر کیے گئے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔ تمام ڈویژنل کمشنرز نے پولنگ ڈے پر انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔



















