اتحادی حکومت بننے کی امید پر پاکستان پیپلز پارٹی نے بڑا یوٹرن لے لیا، پی پی قیادت نے پارٹی کو ن لیگ مخالف بیان بازی سے روک دیا۔
اس حوالے سے پیپلزپارٹی کے مرکزی و صوبائی رہنماوں کو واضح احکامات جاری کردیے گئے ہیں، پی پی قیادت نے کہا ہے کہ حکومت سازی سے قبل ن لیگ پر تنقید نہ کی جائے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت نے پارٹی کو ہدایت دی کہ ن لیگ کے بارے میں رواداری، شائستگی کا مظاہرہ کیا جائے، حکومت بننے سے قبل ن لیگ سے دوطرفہ تعلقات بہتر کیے جائیں۔
پی پی قیادت نے سنیئر رہنما کی لاہور میں پریس کانفرنس پر برہمی کا اظہار کیا، تاہم ن لیگ کے بارے میں سخت الفاظ کے استعمال پر پی پی رہنما کو جھاڑ پلائی گئی۔
ذرائع کے مطابق پارٹی رہنما نے پریس کانفرنس میں ن لیگ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا، تاہم پی پی قیادت نے پارٹی رہنماؤں کو ن لیگ کے بارے میں محتاط رویہ اپنانے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے انتخابی مہم کے بارے میں بلاول بھٹو سے اظہار ناراضگی کیا تھا، آصف زرداری سخت زبان کے استعمال پر بلاول بھٹو سے ناراض تھے، تاہم بلاول بھٹو نے انتخابی مہم کےدوران ن لیگی قیادت پر شدید تنقید کی تھی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ آصف زرداری نے بلاول بھٹو کو ن لیگ سے معاملات بہتر کرنے کی ہدایت دی، تاہم آصف زرداری کی ہدایت پر بلاول بھٹو نے شہباز شریف کا استقبال کیا۔



















