پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر خان نے اگلے لائحہ عمل سے متعلق بڑا اعلان کر دیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر خان نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں خدشہ تھا کہ لوگ چھوڑ کر جائیں گے، اس کا اظہار الیکشن کمیشن سے بھی کیا تھا، پہلا کیس ہے کہ کوئی چھوڑ کر گیا ہے اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدواروں نے نومینیشن فارمز پر پارٹی کا نام لکھا تھا، سپریم کورٹ نے کہا تھا ان کے ووٹ کاؤنٹ نہیں ہوں گے، یہ آزاد امیدوار نہیں ہیں یہ پارٹی کا مینڈیٹ لے کر آئے ہیں، ہمارے زیادہ تر امیدوار ہمارے ساتھ مخلص ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ریزرو سیٹوں کیلئے ابھی تک اس بات کا فیصلہ نہیں ہوا کہ کس جماعت کیساتھ ملیں گے، ٹوٹل ریزرو سیٹوں میں سے 30 سیٹیں ہمیں ملنی چاہئیں، ضروری نہیں کہ اس پارٹی کے ساتھ جائیں جو الیکشن جیت کر آئے، قانون کے مطابق کسی بھی پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں جس کے پاس نشان ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے پاس خیبرپختونخوا میں دو تہائی اکثریت ہے، خیبرپختونخوا میں ہم حکومت بنائیں گے۔ ہم پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومت میں نہیں جا رہے۔ ہم اپنی پوری کوشش کریں گے کہ سیٹیں ملیں اور حکومت بنائیں،
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی بھی آپشن باقی نہ ہوا تو ہم اپوزیشن میں بیٹھ جائیں گے، ہم دھرنا نہیں دیں گے، ہم پارلیمان میں جا کر بیٹھیں گے، ہم اپنے حقوق اور عوامی مینڈیٹ کیلئے ہرعدالت میں جائیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میاں صاحب امید لگا کر بیٹھے تھے 125سیٹیں لے کر وزیراعظم بنیں گے، عوام نے سب کو ریجیکٹ کر دیا ہے، اس وقت ہماری سیٹیں 170 ہیں، جن کے فارم45ہمارے پاس ہیں،24 نشستوں کو تبدیل کیا گیا، اسلام آباد کی 3، کراچی کی 4اور باقی پنجاب سے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ان کے پاس نتیجہ نہیں ہے، عوام ہمارے حق میں ہے، شانگلہ میں آج بھی فارم45نہیں دیا گیا، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اپنے مفادات ہیں یہ مل بیٹھتے ہیں اور الگ بھی ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے عوامی مینڈیٹ ہمارے پاس ہے اور ہم حکومت بنائیں گے، ہم نے پیپلز پارٹی اور ن لیگ سے رابطہ نہیں کرنا، ہم پیپلز پارٹی، ن لیگ یا کسی اور پارٹی کو ملا کر حکومت بنانے نہیں جا رہے۔



















