Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب میں سادہ اکثریت حاصل کر چکے ہیں، عطا تارڑ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب میں سادہ اکثریت حاصل کرچکے ہیں۔

عطا تارڑ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 20 سے 25 فیصد نتائج پر کبھی تقریر نہیں کی جاتی، پنجاب میں ہماری تعداد 146 ہوگئی ہے، آج ہم پنجاب میں 150 تعداد مکمل کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سادہ اکثریت حاصل کرچکے ہیں، چند سیاسی پارٹیوں کی طرف سے نتائج پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت سازی کے معاملات چل رہے ہیں، آزاد ارکان قومی و صوبائی اسمبلی جوق در جوق ن لیگ میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں، الیکشن کے نتائج کے حوالے سے چند سیاسی پارٹیوں کی طرف سے ابہام پیدا کیا گیا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ کہیں پر کوئی دھاندلی ہوئی ہو یا امن خراب ہوا ہو، دھاندلی کا جو تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے وہ غلط ہے۔

انکا کہنا تھا کہ جہاں جہاں شکست ہوئی اسے خوش دلی سے قبول کیا، ہارنے والے دھاندلی کے جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں، ہم وفاق اور پنجاب میں سنگل لارجسٹ پارٹی بن کر ابھرے ہیں، خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں کو کلیئر مینڈیٹ ملا ہے، کے پی کے میں آپ کے امیدوار جیت گئے ہیں تو وہاں دھاندلی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی نتیجوں کی بنیاد پر آپ نے حتمی رائے قائم کرنے کی کوشش کی، شفاف، غیرجانبدار اور منصفانہ انتخابات ہوئے ہیں، ہم نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہتے ہیں۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ جب بھی وزارت عظمیٰ کے امیدوار کا اعلان کیا جائے گا وہ مشاورت کے نتیجے میں ہو گا، اتحادیوں کے ساتھ ہماری مزید مشاورت جاری ہے۔

متعلقہ خبریں