Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انتخابی نتائج؛ اعتزاز احسن نے اہم اعلان کردیا

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے نئی آنے والی حکومت سے متعلق اہم اعلان کر دیا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نتیجہ یہی نکلا ہے کہ پرانی پولرائزیشن برقرار رہی ہے، نوازشریف اور مریم کے حلقے میں دھاندلی ہوئی ہے، اس میں کوئی شک نہیں آنے والی حکومت کمزور حکومت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سعد رفیق نے جیت پر لطیف کھوسہ کو مبارکباد دی، اگر وہ مبارکباد نہ دیتے تو ان کی سیٹ بھی برقرار رکھی جاتی کیونکہ ن لیگ نے انہیں ہر قیمت پر جتوانا ہی تھا۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ ایک پارٹی کو مینڈیٹ ملا ہے، ہم اس کی نفی نہیں کرنا چاہتے، ہمارا یہی موقف رہا ہے کہ وہ اپنا مینڈیٹ پورا کر لیتے ہیں تو ان کو کرنا چاہیے، میاں صاحب کے پاس کمزور مینڈیٹ ہے، اس میں ہم شریک ہونا نہیں چاہتے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ یہ انا کا مسئلہ نہیں، یہ آئین کا مسئلہ ہے، اگر وہ اپنا مینڈیٹ ثابت کر سکتے ہیں تو ان کیلئے موقع ملنا چاہیے، کیونکہ ہم نئے انتخابات کی طرف جانے سے گریز کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نئے الیکشن بھی اب بہت مشکل ہیں کیونکہ پہلے ہی بڑی مشکل سے ہوئے ہیں، نئے الیکشن سے بچنے کیلئے کورٹ اور فورم سے حل نکل سکتا ہے تو نکالنا چاہیے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ اس نظام کو چلتا رہنا چاہیے جو چل رہا ہے، مریم نواز کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ ان کی پارٹی کا  ہے، وہ ہارڈ اوپینین رکھنے والی شخصیت ہیں، انہوں نے بڑی دلیری دکھائی ہے۔

 پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ مریم نواز والد کے ساتھ اس وقت لندن سے چلی آئیں جبکہ انہیں پتہ تھا کہ وہ سیدھا جیل جائیں گی، ان کے دونوں بھائی لندن میں بیٹھے رہے لیکن باوجود اس کے وہ اپنے والد کیساتھ ڈٹ کر کھڑی رہیں۔

متعلقہ خبریں