لاہور: عام انتخابات 2024 میں منتخب ہونے والے نو مئی کے اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے حکمت عملی تشکیل دیدی گئی ہے۔
نو مئی کے مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں کو کٹہرے میں لانے کے لیے کارروائیاں تیز کی جارہی ہیں، تاہم مقدمات میں ملوث 22 اشتہاری رہنما 282 کارکن تاحال انتہائی مطلوب ہیں۔
حالیہ الیکشن کے کامیاب امیدوار میاں اسلم اقبال، علی امین گنڈا پور، امتیاز شیخ نو مئی کے واقعات میں لاہور پولیس کو مطلوب ہیں، تاہم عدالت کی جانب سے ان کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی )کے ذرائع نے بتایا ہے کہ اشتہاریوں کے روابط کا تعین کرنے کے لیے جیوفینسنگ، موبائل ٹریکنگ اور آئی پی ایڈریس ٹریک کر لیے گئے ہیں،انتخابات میں سیٹ حاصل کرنے والے اشتہاریوں کی گرفتاری قانون کے مطابق ہوگی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان انتخابی مہم اور نتائج کے دوران مسلسل کارکنوں سے رابطے میں رہیں، اشتہاریوں کی لوکیشن معلوم کرنے کے لیے ایف آئی اے اور دیگر اداروں کی مدد لی جارہی ہے۔



















