پاکستان مسلم لیگ ن کو بڑی کامیابی مل گئی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی کی ایک اور پنجاب اسمبلی کی مزید چار نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
این اے بانوے بھکر سے آزاد حیثیت میں جیتنے والے رشید اکبرنوانی، پی پی 90 بھکر سے احمد نواز نوانی، پی پی 92 اور93 بھکر سے کامیاب عامرعنایت شاہانی اور پی پی 272 مظفرگڑھ سے رانا عبدالمنان نے ن لیگ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔
پنجاب کی نامزد وزیراعلیٰ مریم نواز نے آزاد اراکین اسمبلی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے جذبے اور قومی سوچ کی قدر کرتے ہیں،آپ نے تعمیر پاکستان کے قافلے میں شمولیت اختیار کی۔
انہوں نے کہا کہ آپ کی حمایت پاکستان اورعوام کو مشکلات سے نکالنے میں مددگار ہوگی، ہمارے لئے اقتدار نہیں، ملک اور عوام کی خدمت اہم ہے، نواز شریف پاکستان کو انتشار سے بچانے اور متحد کرنے والی قوت کا نام ہے، نواز شریف آج بھی پاکستان جبکہ مخالفین اپنی ذات کی بات کر رہے ہیں، پاکستان کو انتشار نہیں، استحکام چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ انتشار پھیلانے والے آج بھی انتشار ہی پھیلا رہے ہیں کیونکہ ان کا ایجنڈا ہی انتشار ہے، انتشار کا نشانہ پاکستان ہے، ادارے ہیں، پنجاب کے عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا، ان کی خدمت کا حق ادا کریں گے، پنجاب کو ترقی کی مثال بنائیں گے۔
نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کو بچانے کے لئے ایک لاکھ بار بھی سیاسی مفاد قربان کرنا پڑا تو کریں گے، وطن پر جان بھی قربان ہے۔



















