Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیما حیدر بھارت میں بڑی مشکل میں پھنس گئی

4 بچوں کے ہمراہ بھارت جانے والی پاکستانی خاتون سیما حیدر بڑی مشکل میں پھنس گئی ہیں۔

بھارتی شہری سے دوستی اور محبت ہونے کے بعد 4 بچوں کے ہمراہ بھارت جانے والی پاکستانی خاتون سیما حیدر کے پہلے شوہر نے اپنے بچوں کی حوالگی کے لیے بھارت میں وکیل کی خدمات حاصل کرلی ہیں۔

غلام حیدرنے بھارت میں وکیل علی مومن کی خدمات انصار برنی ایڈووکیٹ کے توسط سے حاصل کی ہیں۔ انصار برنی ایڈووکیٹ نے غلام حیدر کا پاور آف اٹارنی، وکالت نامہ بھارت ارسال کردیا ہے۔

 سیما کے پہلے شوہر غلام حیدر بھارتی عدالت میں بچوں کی پاکستان واپسی کیلئے مقدمہ دائر کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق انصار برنی ایڈووکیٹ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک خاتون کا بچوں کے ساتھ بھارت منتقلی کا معاملہ نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک مکمل سوچی سمجھی پلاننگ ہے جس میں دہشت گردی کا عنصر بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انصار برنی نے کہا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت بچوں کو ان کا مذہب تبدیل نہیں کرایا جا سکتا، ہم اس کے خلاف بھارتی عدالت سے بھی رجوع کریں گے، غلام حیدر کے بچے کم عمر ہیں اور اب بھی پاکستان کے شہری ہیں، والد کا ان پر پورا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ غلام حیدر کا اپنی بیوی سے کوئی لینا دینا نہیں وہ صرف اپنے بچوں کو پاکستان واپس لانا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب سیما کے پہلے شوہرغلام حیدر کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات سے کوئی دلچسپی نہیں کہ سیما اپنا مذہب کی تبدیلی کے حوالے سے کیا کررہی ہیں لیکن میرے بچے معصوم ہیں اور ان کا مذہب تبدیل نہیں کروایا جاسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں