Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کل ایک کمشنر کو الیکشن کے 8 دن بعد بیداری نصیب ہوئی، عطا تارڑ

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ کل ایک کمشنر کو الیکشن کے 8 دن بعد بیداری نصیب ہوئی۔

سابق وفاقی وزیر عطا تارڑ نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں سے تحریک انصاف جیتی وہاں دھاندلی نہیں ہوئی، خواجہ سعد نے سب سے پہلے لطیف کھوسہ کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ الزام لگانے والوں کی سیاست کا ہمیں جواب دینا آتا ہے، ان لوگوں نے ملکی مفاد داؤ پر لگایا، سائفر لہرایا، آپ نے وقتی طور پر کچھ نشستوں پر فتح حاصل کی ہے، جہاں آپ کو شکست ہوئی ہے اسے تسلیم کریں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ہم نے خندہ پیشانی سے شکست کو قبول کیا، ہارے ہیں پیچھے نہیں ہٹے، کل ایک کمشنر صاحب کو الیکشن کے 8 دن بعد بیداری نصیب ہوئی، ہم یقین رکھتے ہیں ہمارا دشمن مکار ہے اسے ایک دن شکست ہوگی۔

انکا کہنا تھا کہ آپ کے خلاف ثبوت آچکے ہیں، سازش سے الیکشن متنازع کرنا چاہتے ہیں، آپ نے پہلے بھی معیشت کو نقصان پہنچایا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ 9 مئی جیسے نئے حملوں کی پلاننگ کررہے ہیں، نگران حکومت سے مطالبہ ہے معاملے پر سخت ایکشن لیں، جھوٹ اور منافقت کی سیاست قابل قبول نہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ دھاندلی کا جھوٹا بیانیہ نہیں بکے گا، جیت کا جشن منارہے ہیں اور ہار پر دھاندلی کا شور ہے۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ آئندہ چند دنوں میں پنجاب میں حکومت بنانے جارہے ہیں، آنے والا دور مسلم لیگ ن کا ہے۔

متعلقہ خبریں