پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان آج یا کل تک معاملات طے پا جائیں گے۔
ترجمان پی پی پی فیصل کریم کنڈی نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان آج یا کل تک معاملات طے پا جائیں گے، (ن) لیگ کے ساتھ 16 ماہ اتحاد کرنے کا تجربہ کچھ اچھا نہیں رہا، چاہتے ہیں کہ ماضی میں جو مسائل رہے اب مستقبل میں نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا فیصلہ ہے کہ ہم حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کے منشور میں فرق ہے، پیپلز پارٹی کا منشور اس وقت نافذ ہوگا جب وزیراعظم ان کی پارٹی سے ہوگا، 3 سال اور 2 سال وزیراعظم بننے والا بھی کوئی فارمولا نہیں چلے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہم پر پارٹی کا بہت زیادہ پریشر ہے کہ کابینہ کا حصہ بھی نہ بنیں اور پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا فیصلہ ہے کہ ہم حکومت کا حصہ نہیں بنیں گے جبکہ آئینی عہدوں کے لیے الیکشن لڑنا ہمارا جمہوری حق ہے۔
ترجمان پی پی پی کے مطابق قیادت بہت جلد وزیراعلیٰ سندھ کے نام کو فائنل کردے گی۔



















