پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج اسپیکر اسمبلی کی زیرِ صدارت ہوگا، جس میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔
پنجاب اسمبلی کے پہلے سیشن میں آج منتخب اراکین اسپیکر صوبائی اسمبلی سے حلف لیں گے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب اسمبلی کے پہلے اجلاس میں بھرپور اکثریت ثابت کرے گی، تحریک انصاف کے تمام اراکین بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اس سے قبل مسلم لیگ ن کی وزارت اعلیٰ کیلئے نامزد امیدوار مریم نواز نے ن لیگ کے نو منتخب ارکان کا اجلاس صبح 9 بجے ہی اسمبلی کی لابی میں بلا لیا تھا۔
پنجاب میں حکومت سازی کے لئے نمبر گیم کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں ڈبل سنچری مکمل کر لی ہے۔
مسلم لیگ ن نے پنجاب میں 137 نشستیں حاصل کیں اور 23 آزاد اراکین نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کی، مسلم لیگ ن کی نمبر گیم آزاد اراکین کو ملا کر 160 ہو گئی۔
مسلم لیگ ن کو خواتین کی 36 اور اقلیتوں کی 5 مخصوص نشستیں الاٹ کر دی گئیں۔
ذرائع کے مطابق پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں کو ملا کر مسلم لیگ ن 201 اراکین کے ساتھ سب سے آگے ہے۔
پنجاب اسمبلی میں سادہ اکثریت کے لیے 186 اراکین اسمبلی کی حمایت درکار ہوتی ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کے 14، مسلم لیگ ق کے 10 اور استحکام پاکستان پارٹی کی 6 اراکین کی حمایت بھی مسلم لیگ ن کو حاصل ہو گی۔
یہ تینوں جماعتیں مسلم لیگ کی اتحادی جماعتیں ہیں اور مسلم لیگ ن سے اتحاد کا اعلان کر چکی ہیں۔
اس حوالے سے لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مریم نواز آج اپنی پارلیمانی سیاست کا آغاز کرنے جا رہی ہیں۔ ایوان میں پہلے نواز شریف اور شہباز شریف موجود رہے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ مریم نواز ایوان میں الگ حیثیت بنانے اور منوانے کیلئے آئی ہیں،عثمان بزدار اور پرویز الہٰی کی باقیات ختم ہونے جارہی ہیں، آج ایوان میں صرف نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے۔



















