16ویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے لئے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ن لیگ کے تمام نو منتخب اراکین کواسلام آباد پہنچنے کی ہدایت دے دی ہے۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق سابق اسپیکر ایاز صادق اور چیف وہپ شیخ آفتاب کے نو منتخب اراکین سے رابطے جاری ہیں، تاہم نو منتخب اراکین کی بڑی تعداد کو پارلیمنٹ لاجز میں سرکاری رہائش گاہ الاٹ کردی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے، تاہم اسپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے بعد قائد ایوان کا انتخاب ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی تیاریاں
ن لیگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نامزد وزیر اعظم اور صدر ن لیگ شہباز شریف بھی اجلاس سے قبل اسلام آباد پہنچ جائیں گے جبکہ قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل شہباز شریف ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی صدارت کریں گے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم کے انتخاب کے موقع پر قائد ن لیگ نواز شریف کی بھی پارلیمنٹ آمد متوقع ہے۔



















