Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

این اے 15 مانسہرہ؛ نواز شریف کے وکلاء کو متعلقہ ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نےاین اے 15 مانسہرہ سے متعلق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے وکلاء کو متعلقہ ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 15 مانسہرہ سے متعلق نواز شریف کی انتخابی عذرداری پر الیکشن کمیشن میں سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔

نواز شریف کے وکیل جہانگیر جدون اور بیرسٹر ظفر اللہ اور شہزادہ گستاسب کے وکیل بابر اعوان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

وکیل نواز شریف نے کہا کہ ہمیں تاحال آر او کی رپورٹ نہیں ملی۔

بابر اعوان نے کہا کہ ہم 25 ہزار کی لیڈ سے جیتے ہوئے ہیں، قانون کہتا ہے 25 ہزار کی لیڈ پر ری کائونٹنگ نہیں ہوتی، ہمارے نوٹیفکیشن پر حکم امتناع ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم اسٹے ختم کر دیتے ہیں، آپ آر او کی رپورٹ ملنے کے بعد دلائل دے دینا۔

نوازشریف کے وکیل کو دلائل کیلئے تیاری کی ہدایت دیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے درخواست پر سماعت کچھ دیر کیلئے ملتوی کر دی۔

وقفے کے بعد سماعت دوبارہ شروع ہونے پر چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ آج ہم حکم امتناع کے حوالے سے عبوری حکم نامہ جاری کریں گے، ہم غیر معینہ مدت کیلئے اسٹے آرڈر جاری نہیں رکھ سکتے۔

الیکشن کمیشن نے نواز شریف کے وکیل کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کبھی آپ تاخیر سے آتے ہیں، کبھی تیاری نہیں کر کے آتے۔

نواز شریف کے وکیل نے استدعا کی کہ سماعت پرسوں تک ملتوی کر دیں، حتمی دلائل کیلئے تاریخ دے دیں، نوٹیفکیشن پر حکم امتناع ختم نہ کریں۔

بعدازاں الیکشن کمیشن نے نواز شریف کے وکلاء کو متعلقہ ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ خبریں