وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریفک روکنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز رائیونڈ سے دفتر آرہی تھیں کہ راستے میں پولیس کے ٹریفک روکنے پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ ٹریفک مینجمنٹ ٹھیک کریں، شہریوں کو تکلیف نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہےکہ آج وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت دربار ہال سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کااجلاس ہوا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو محکموں کے افعال کار کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی گئی۔
اس اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما پرویز رشید،ارکان اسمبلی مریم اورنگ زیب ، عظمیٰ بخآری ، ثانیہ عاشق، چیف سیکریٹری ،آئی جی، سیکرٹریز بھی موجود تھے۔
چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر،چیرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہیلتھ ،سیکرٹری خزانہ نے بریفننگ دی۔
مریم نواز نے اس موقع پر کہاکہ ڈینگی اور پولیو سے بچاؤ پر توجہ دی جائے،عوام کو معیاری علاج کی سہولت میسر ہونی چاہیئے، مالیاتی امور میں شفافیت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ صحت اور دیگر شعبوں میں عوامی افادیت کے منصوبے جاری رکھے جائیں، خدمت کے جذبے سے سر شار ،دیانتدار افسروں کو سیلوٹ کرتی ہوں، میرٹ کی خلاف ورزی نہ کروں گی نہ ہونے دوں گی، کوئی سیاسی بھرتی نہیں ہوگی۔
مریم نواز نے کہاکہ حلف برداری کے بعد سیدھی آفس گئی اور کام شروع کردیا،عوام کے مسائل کا فوری حل چاہیے ، سٹرکچرل ریفارم کرنی ہوگی،مسائل کی جڑ تک پہنچ کر ختم کریںگے ۔
ان کا مزید کہنا ہےکہ افسر اور ملازمین میری ٹیم ہیں،کام کرنے والوں کو سپورٹ کیا جائے گا ، عوام کی خدمت مشن کی تکمیل کے لئے اچھی تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا، سول سرونٹ محب وطن اور خدمت کے جذبے سے سر شار ہیں،احتساب ۔ شفافیت ،کوالٹی ورک اور ٹائم ورک ریڈ لائن ہیں، مریم نواز نے کہاکہ کام کرنے والوں کا احترام کرتی ہوں۔



















