وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عہدہ سنبھالتے ہی بڑا اقدام اٹھا لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انہوں نے5 روز میں پرائس کنٹرول کے لئے باقاعدہ ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈیمانڈ اور سپلائی سسٹم کی مانیٹرنگ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے لئے باقاعدہ قانونی میکنزم موجود نہیں، عارضی اقدامات کافی نہیں ہیں، مہنگائی پر قابو پانا ترجیحات میں اولین ہے، گراں فروشی کے خاتمے کیلئے پائیدار سسٹم وضح کیا جائے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیائے خورونوش کے نرخ کنٹرول کیے جائیں، گراں فروشی کا ارتکاب کرنے والوں کی سزا یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں پرویز رشید، ارکان اسمبلی مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری، بلال کیانی، افضل کھوکھر، ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، آئی جی، چیئرمین پی اینڈ ڈی پی، سیکریٹرز پولیس حکام اور دیگر نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ مریم نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز 220 ووٹ لے کر اس عہدے کیلئے منتخب ہوئیں جبکہ ان کے مدمقابل امیدوار سنی اتحاد کونسل کے رہنما رانا آفتاب نے صفر ووٹ حاصل کیے۔



















