جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ یہ اسمبلی پانچ سال پورے کرتی نظر نہیں آتی۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے اس موقع پر اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعظم کے انتخابا ت کے بائیکاٹ کا اعلان بھی کیا۔
اس موقع پر ایک صحافی نے مولانا فضل الرحمان سے سوال کیا کہ آپ کے تحفظات دور ہوئے، یا نہیں؟
اس پر سربراہ جمعیت علماء اسلام (ف) نے جواب دیا کہ اس حوالے سے بیٹھ کر سنجیدگی سے بات کریں گے۔
صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ اسمبلی آ کر کیسا لگا جس پر مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ یہ اسمبلی تو نہیں، کوئی اور چیز ہے،اگر یہی عالم رہا تو اسمبلی مدت پوری نہیں کرے گی۔
انہوں نے افتتاحی اجلاس میں بطور رکنِ قومی اسمبلی حلف اٹھایا اور حاضری کے رجسٹر پر دستخط بھی کیے۔



















