Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدارتی الیکشن؛ خیبرپختونخوا اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن قرار دینے کی تحریک منظور

خیبرپختونخوا اسمبلی نے صدارتی الیکشن کے لیے اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن قرار دینے کی تحریک کی منظوری دے دی۔

اسپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صدارتی الیکشن کے لیے کے پی اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن قرار دینے کی تحریک پیش کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی جانب سے ایک کھرب 59 ارب روپے کے اخراجات منظور کرنے کی بھی تحریک پیش کی گئی۔

اسمبلی میں اپوزیشن رکن احمد کریم کنڈی نے کہا کہ یہ غیر آئینی اقدام ہے صوبائی اسمبلی کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں، تحریک کے لیے کابینہ سے منظوری نہیں لی گئی۔

خیبرپختونخوا اسمبلی نے رواں ماہ کی اخراجات کے لئے 159 ارب 50 کروڑ روپے بجٹ کی منظوری دے دی۔

اسمبلی میں بتایا گیا کہ بجٹ میں اخراجات جاریہ کے لئے 118 ارب روپے منظور کیے گئے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لئے 40 ارب روپے خرچ ہونگے، تاہم اپوزیشن نے اقدام کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

دوران اجلاس خیبرپختونخوا اسمبلی نے صدارتی الیکشن  کے لیے اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن قرار دینے کی تحریک کی منظوری بھی دی۔

  رکن صوبائی اسمبلی مشتاق غنی نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں دھاندلی ہوئی ہیں، فارم 45کے مطابق اکثریٹ پی ٹی ائی نے جیتی ہے، ہمیں مجبورنہ کیا جائے، ورنہ الیکشن کمیشن کےسامنے سخت احتجاج پرمجبور ہوجائیں گے۔

دوسری جانب اسپیکر بابر سلیم سواتی نے کہا کہ آپ کی باتوں میں حقیقت ہے، مگر ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ ہم آئین اور قانون پرعمل کرتے ہیں، عدالتوں پر ہمیں یقین ہیں، انشاء اللہ ہمیں انصاف دیا جائے گا۔

بعدازاں خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دیا گیا۔

متعلقہ خبریں