کراچی: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر قائد میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے موسم کی صورتحال کے حوالے بتایا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 14.5ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد ریکارڈ ہوا۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ کراچی میں اس وقت شمال مشرقی سمت سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سرد ہوا چل رہی ہے، تاہم آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خشک موسم کے ساتھ رات کے اوقات میں خنکی رہے گی۔
واضح رہے کہ ملک میں 9 مارچ کو ایک دوسرا مغربی سلسلہ بلوچستان کے راستے داخل ہوگا جو کراچی سمیت دیہی سندھ تک پھیل سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ آج سے ایک نیا مغربی سلسلہ بھی بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگا لیکن داخل ہونے والا سسٹم صرف بلوچستان پر ہواؤں اور بارش کی شکل میں اثرات دے سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ دن کے بیشتر وقت چلنے والی ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر تک بڑھ سکتی ہے جبکہ تندوتیز ہواؤں کے سبب درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔



















