وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر اعظم نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ آج کا دن خواتین کی سماجی، معاشی، ثقافتی اور سیاسی کامیابیوں کو تسلیم کرنے اور معاشرے کی تعمیر میں ان کے موثر کردار کے لیے یکساں مواقع فراہم کرنے کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کے مساوی حقوق کو یقینی بنانے اور انہیں تعلیم اور ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ حکومت خواتین کے مساوی حقوق، ان کے تحفظ اور تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے اقدامات کرتی رہے گی۔
واضح رہے کہ خواتین کے اس عالمی دن کے موقوع پر وطن عزیز میں مختلف تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں صنف نازک کی جانب سے ملک کی ترقی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو خراج پیش کیا جائے گا۔
خواتین نے ہر شعبے میں ان تھک محنت اور اپنی ذہانت سے خود کو منوایا ہے انہیوں نے یہ ثابت کیا ہے وہ کسی سے کم نہیں ہیں، وہ نہ صرف گھر کی ذمہ داریوں سے پوری طرح آگاہ ہیں بلکہ کھیتوں کھلیانوں سے لےکر جدید سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھی مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں، یہی وجہ ہے کہ خواتین کے عالمی دن کے موقع پرآج ملک بھر میں ریلیاں، واک، سیمینارز اور تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے پہلی بار 1975 میں خواتین کے عالمی سال کے موقع پر خواتین کا عالمی دن منایا گیا تھا۔



















