Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آصف علی زرداری نے صدر پاکستان کا حلف اٹھا لیا

اسلام آباد: آصف علی زرداری نے بطور صدر پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔

 آصف علی زرداری کی بطور صدر پاکستان حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جس میں چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے آصف زرداری سے بطور صدر مملکت کے عہدے کا حلف لیا۔

پاکستان میں عام انتخابات 2024 اور صدارتی انتخاب کے انعقاد کے بعد دوسری بار کامیاب ہونے والے نو منتخب صدر آصف علی زرداری نے آج 14ویں صدر مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھایا ہے۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شری، قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، بلاول بھٹو، بختاور بھٹو، آصفہ بھٹو زرداری، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، تینوں سروسز چیف، گورنرز، وزرائے اعلیٰ، اراکین اسمبلی اور غیرملکی سفارتکار نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نئے صدر مملکت کے لیے انتخاب ہوا تھا جس کے لیے قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی تھی۔

ملک میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں حکومتی اتحاد کے امیدوار سابق صدر آصف علی زرداری نے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی کو بھاری اکثریت سے شکست دی تھی۔

حکومتی اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری نے 255 ووٹ جبکہ محمود خان اچکزئی نے 119 ووٹ حاصل کیے تھے۔

یاد رہے کہ آصف علی زرداری دوسری بار صدر مملکت کے عہدے پر فائز ہوئے ہیں۔ اس سے قبل وہ 2008 سے 2013 تک بھی صدر پاکستان رہ چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں