پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار لطیف کھوسہ کا رہائی کے فوراً بعد بڑا بیان سامنے آگیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے 6 گھنٹے تک حبس بے جا میں رکھا گیا جس پر مقدمہ درج کراؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس خود بھی معذوری کا اظہار کر رہی تھی کہ ہمیں حکم ہے، 6 گھنٹے بعد مجھ سے 20 ہزار کا مچلکہ لے کر چھوڑا گیا، پر امن احتجاج ریکارڈ کروانے کا حق بھی چھیننے کی کوشش ہوئی۔
سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ ن لیگی رہنما سعد رفیق نے کل فون کر کے کہا کہ میرا اس کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ میرے ڈرائیور اور گاڑی کو کسی دہشت گردی کے مقدمہ میں ڈال دیا ہے، اتوار کا دن تھا کوئی سڑک بلاک نہیں کی، نہ ہی کوئی توڑ پھوڑ کی، کسی کے پاس کوئی اسلحہ نہیں تھا، کیمروں میں سب کچھ محفوظ ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز عام انتخابات 2024 میں مبینہ دھاندلی کے خلاف پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران سردار لطیف کھوسہ کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔



















