اسلام آباد: سعودی سفیر نواف بن سعید کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف نے دوبارہ وزیراعظم منتخب ہونے پر سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی نیک خواہشات پر شکریہ ادا کیا۔
دوران ملاقات وزیر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی تعلقات خصوصی اہمیت کے حامل ہیں، دفتر سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے سعودی سفیر سے مل رہا ہوں۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی عازمین حج کے لیے روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا دائرہ وسیع کرنے پر بھی سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں سعودی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کو دورہ سعودی عرب کی دعوت دی اور کہا کہ سعودی قیادت کی طرف سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں، سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کا قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔



















