وفاقی وزیرعطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات کے دروازے صحافیوں کے لیے کھلے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ بطور وزیر اطلاعات پوری کوشش ہوگی کہ میڈیا ورکرز اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھاﺅ، وزارت اطلاعات کے دروازے صحافیوں کے لئے کھلے ہیں، میری کوشش ہوگی کہ حکومت اور میڈیا کے درمیان پل کا کردار ادا کروں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ کچھ سیاستدان اپنی سیاست کی خاطر ریاست کانقصان کر رہے ہیں، معیشت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوم برگ نے وزیراعظم کی معاشی پالیسیوں کا ذکر کیا، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب عالمی سطح پر تجربہ کار معیشت دان ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی کو معیشت کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے معیشت کو نقصان پہنچانے کے لیے مکروہ مہم شروع کی ہے۔
عطا تارڑ نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی چاہتےہیں باہر سےسرمایہ آنا بند ہو جائے، معیشت بیٹھ جائے، پہلےبھی شوکت ترین کی 2 صوبائی وزراکےساتھ فون کال سامنےآئی تھی، یہ چاہتے ہیں جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس لیاجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو 4 ملاقاتوں کی اجازت تھی، قیدی کو ایک ملاقات کی اجازت ہوتی ہے، بانی پی ٹی آئی کو ایکسرسائز کی سائیکل دی گئی، اپنے مفادات کیلئے معیشت کونقصان پہنچائیں گےتو یہ انکی بھول ہے، کوشش ہوگی کہ میڈیا اور حکومت میں پُل کا کردار ادا کروں، کرپشن کے الزام پر عدالت نے آپ کوسزادی جو کاٹ رہےہیں، بلو مبرگ نے محمد اورنگزیب کو بہترین انتخاب قراردیا۔



















