سنی اتحاد کونسل کے رہنما عمر ایوب نے انتہائی اہم اعلان کردیا ہے۔
سنی اتحاد کونسل کے رہنما عمر ایوب نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکندر سلطان راجہ کو یہ حکومت کینیڈا بھیج رہی ہے، چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کو مستعفی ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے افسر مشتاق نے ہم ممبران قومی اسمبلی کا راستہ روکا، کیا ہمیں اس اسمبلی میں آکر بات کرنے کی اجازت نہیں ہے؟ ان لوگوں کو برطرف کر کے ایکشن لینا چاہیے۔
عمر ایوب نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس کا دروازہ اسپیکر کی اجازت کے بغیر بند نہیں ہو سکتا، انسپکٹر مشتاق نے ایف سی کی موجودگی میں ہم پر لاٹھی چارج کا حکم دیا جس سے اراکین پارلیمنٹ کا استحقاق مجروح کیا گیا۔
سنی اتحاد کونسل کے رہنما نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی کام کرنے پر انسپکٹر مشتاق کو معطل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کل ہمارے پاس کورٹ آرڈرز تھے ہم بانی پی ٹی آئی سے ملنے جا رہے تھے، ہمیں کہہ دیا گیا یہاں سکیورٹی خدشات ہیں لہٰذا ملاقات نہیں ہوگی۔
عمر ایوب نے کہا کہ ہم کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، جیل سپرنٹنڈنٹ اسد وڑائچ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے، ان کو عدالت کا حکم دکھایا تو اس نے پھینک دیا۔



















