Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان نے تمام اہداف مکمل کر لیے، آئی ایم ایف سے باضابطہ مذاکرات آج ہونگے

اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ریویو مشن سے مذاکرات شروع ہونے سے چند گھنٹے پہلے وزارت خزانہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے دوسرے جائزے کے اہداف کو کامیابی سے حاصل کر لیا ہے۔

وزارت خزانہ سے جاری کردہ دستاویز کے مطابق آئی ایم ایف مشن کیساتھ معاشی ٹیم کے مذاکرات آج سے شروع ہو جائیں گے، مشن کی تعارفی میٹنگ وزیرخزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک، وزیرتوانائی اور چیئرمین ایف بی آر سے ہو گی۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ وزیرخزانہ، گورنر اسٹیٹ بینک اور وزیر توانائی کی آئی ایم ایف مشن سے الگ الگ ملاقاتیں شیڈول ہیں، وزیرخزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف مشن کو تعارفی سیشن میں حکومتی ترجیحات سے آگاہ کریں گے۔

اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف مشن کو آئی ایم ایف اہداف پر عملدرآمد کے بارے میں آگاہ کریں گے اور وزیر توانائی بھی آئی ایم ایف مشن کو اہداف پر عملدرآمد سے آگاہ کریں گے۔

دوسرے اقتصادی جائزہ کے تحت پاکستان آئی ایم ایف کے تمام اہداف پر عملدرآمد کر چکا ہے، آئی ایم ایف کے 26 میں سے 25 اہداف پر عملدرآمد مکمل ہوگئی ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا کہ مرکزی بینک سے گورنمنٹ کیلئے قرض حاصل نہ کرنے، بیرونی ادائیگیاں بروقت ادا کرنے کی شرط پوری کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ٹیکس محصولات اور ریفنڈ ادائیگیوں سمیت پاور سیکٹر کے بقایاجات کو بروقت کلیئر کیا گیا، ٹیکس استثنیٰ اور ٹیکس ایمنسٹی نہ دینے کی شرط پر بھی مکمل عملدرآمد کیا گیا۔

ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ کے درمیان کرنسی ایکسچینج میں 1.25 فیصد کے ریٹ پر عملدرآمد جاری ہے، بجلی نرخوں کی ریبیسنگ اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کی شرط پر بروقت عملدرآمد کیا گیا، تاہم وزارت خزانہ حکام اہداف پر عملدرآمد کی رپورٹ آئی ایم ایف مشن کو فراہم کریں گے۔

اہداف کے مطابق ایس او ایز کے لاء میں ترمیم اور ترمیمی قانون پر عملدرآمد کی شرط مکمل نہیں ہوئی، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، پاکستان پوسٹ، پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے لاء میں ترمیم نہ ہوئی، تاہم معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف مشن کے درمیان مذاکرات کا آغاز 9 بجے ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں