سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے فیصلے کے حوالے سے چیئر مین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔
چیئر مین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔ امید ہے مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس نے آبزرویشن میں کہا تھا کہ معاملہ ہمارے پاس آیا تو دیکھیں گے، اس وقت بھی ہم نے تحفظات کا اظہار کیا تھا کہ بلا واپس لینے پر ہمیں مسئلہ ہوگا، عدلیہ کو وعدہ یاد دلاتے ہوئے امید کرتے ہیں سپریم کورٹ جلد فیصلہ کرے گی۔
بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کیلئےامید وارفائنل کرلیے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا ٹرائل بند کمرے میں چل رہا ہے، آئی ایم ایف کو قرض پروگرام روکنے کا نہیں کہا۔
چیئر مین پی ٹی آئی نے کہا کہ آئی ایم ایف کو ہمارا لکھا گیا خط بڑا واضح تھا، ہمارے خط میں کہیں یہ نہیں لکھا تھا کہ پاکستان کو امداد نہ دیں بلکہ ہم نے آئی ایم ایف کو خط میں صاف شفاف الیکشن کا وعدہ یاد کرایا تھا۔



















