لاہوریوں کو غیر معیاری گوشت فروخت کرنے والوں کیخلاف شکنجہ سخت کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے ہمراہ مغل پورہ مارکیٹ کا معائنہ کیا۔
2500 کلو غیر معیاری ناقص زائد المیعاد گوشت تلف ہونے پر وارننگ جاری کی گئی، میٹ شاپس پر غیر معیاری زائد المیعاد گوشت فروخت کے لیے تیار رکھا پایا گیا۔
گندے فریزرز میں بدبودار ناقص گوشت برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، دکان میں صفائی کے ناقص انتظامات اور کیڑے مکوڑوں کی بھرمار پائی گئی۔
وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ لاہور میں سپلائی کیے جانے والے گوشت کی مکمل ٹریسیبیلٹی کو یقینی بنایا جائے، ماہ مقدس میں پنجاب کی عوام تک محفوظ خوراک کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جعلساز مافیا کے خلاف مربوط کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کے خاتمے کے لیے فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خوراک کے حوالے سے شکایت کی صورت میں 1223 پر اطلاع دیں۔



















