Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کی ارشد ندیم سے ملاقات؛ 25 لاکھ روپے انعام دیدیا

اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستانی ایتھلیٹ اور جولین تھرو کے کھلاڑی ارشد ندیم کی ملاقات ہوئی جہاں وزیر اعظم نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2023 میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر ارشد ندیم کے لئے 25 لاکھ روپے کا انعام دیا۔

ملاقات میں وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کم وسائل ہونے کے باوجود ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2023 میں چاندی  کا تمغہ حاصل کر کے آپ نے قوم کے لیے قابل فخر کارنامہ سرانجام دیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آپ کی محنت اور لگن نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے، ملک میں جولین تھرو جیسے کھیل کی ترویج کے لئے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں ایتھلیٹکس سمیت تمام کھیلوں کے فروغ کیلئے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے، نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان اور اسپورٹس کی بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکومت دیہی علاقوں میں کھیلوں کے فروغ کے لئے پر عزم ہے، پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اس ٹیلنٹ کو نکھارنے کی ضرورت ہے۔

دوران ملاقات وزیراعظم نے ارشد ندیم کے آبائی علاقے میں زیر تعمیر اسپورٹس کمپلیکس کا کام تیز تر کرنے کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، رکن قومی اسمبلی رومینہ خورشید عالم رک پنجاب اسمبلی رانا مشہود بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں