Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

’خیبر پختونخوا میں بھی پنجاب کا ماڈل اپنایا جائے گا‘

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ کا کہنا ہے کہ کے پی میں بھی پنجاب کا ماڈل اپنایا جائے گا۔

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر پنجاب کا دورہ کیا۔

 اسپیشل سیکرٹری صحت محمد اقبال، ڈی جی ڈرگ کنٹرول محمد سہیل اور ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل نے وزیر صحت خیبر پختونخوا کا استقبال کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹریز خضر افضال، ڈاکٹر یونس اور سی ای او پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر عاصم الطاف و دیگر افسران بھی موجود تھے۔

اس دوران صوبائی وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبز کا دورہ کیا، ڈی ٹی ایل کے مختلف شعبہ جات دیکھے، ادویات کے نمونے جات کے تجزیے کے سسٹم کا معائنہ کیا۔

ڈی جی ڈرگ کنٹرول نے صوبائی وزیر صحت کو ڈی ٹی ایل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

 

 

صوبائی وزیر سید قاسم علی شاہ صحت زندگی ایف ایم اسٹوڈیو بھی گئے، لائیو پروگرام میں شرکت کی اور اپنا پیغام ریکارڈ کرایا۔

اس موقع پر سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ ڈی ٹی ایل، ہیپاٹائٹس لیبز اور ایف ایم سٹوڈیو میں جدید سہولیات دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔

سید قاسم علی شاہ نے HISDU میں مختلف شعبہ جات، میڈیا سیکشن، ورٹیکل پروگرامز کے ڈیش بورڈ، میڈیسن انوینٹری سسٹم، سرویلنس مانیٹرنگ سسٹم کا بھی جائزہ لیا۔

سید قاسم علی شاہ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ تمام ڈی ایچ کیو، ٹی ایچ کیو اسپتالوں میں بائیو میٹرک حاضری کو یقینی بنایا گیا ہے۔

بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بنیادی دیہی مراکز صحت میں جلد ہی پیپر لیس سسٹم رائج ہو جائے گا، اسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کا ٹریکنگ سسٹم موجود ہے۔

سید قاسم علی شاہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بھی پنجاب کا ماڈل اپنایا جائے گا، سیاسی نعروں سے بالاتر عوام کی بھلائی کے لئے مل جل کر کام کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب صحت عامہ کے نظام میں دوسرے صوبوں سے آگے ہے، محکمہ صحت پنجاب کی جدید سہولیات سے استفادہ کرکے خیبر پختونخوا کا نظام اپگریڈ کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں