Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چیئرمین کسان اتحاد کی حکومت سے ملک میں زرعی ایمرجنسی ڈکلیئر کرنے کی اپیل

چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے حکومت سے ملک میں زرعی ایمرجنسی ڈکلیئر کرنے کی اپیل کی ہے۔

 چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کو 84 ویں یوم پاکستان پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، چاروں صوبوں کی حکومتوں اور وزیراعظم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتوں سے اپیل کرتے ہیں کہ ملک میں زرعی ایمرجنسی ڈکلیئر کی جائے۔ حکومتوں کو گائیڈ کر سکتے ہیں کہ کونسی فصلیں ڈالر لاسکتی ہیں۔

خالد حسین باٹھ نے کہا کہ یوریا کھاد چھ ہزار روپے میں بیگ کسانوں کو مل رہا ہے، 4ہزار کی سپورٹ پرائس میں گندم کی لاگت بھی کسان کی پوری نہیں ہورہی۔

چیئرمین کسان اتحاد نے کہا کہ ابھی تک یہ بھی نہیں بتایا جارہا ہے کہ حکومت گندم کتنی خریدے گی، شہباز شریف نے کسانوں کیلئے 1800 ارب کے پیکج کا اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ مطالبہ کرتے ہیں کہ کسانوں کیلئےاعلان کردہ  پیکج کو بحال کیا جائے، کسانوں کے حوالے سے حکومتوں کی پالیسی واضح نہیں ہے، کسانوں کے مسائل حل نہ کیے گئے تو عید کے بعد کفن پوش احتجاج کا آغاز کریں گے۔

خالد حسین باٹھ نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنا دینا پڑا تو وہ بھی دیا جائے گا، کسانوں کو کھاد بلیک میں مل رہی ہے، حکومت پنجاب کی جانب سے 44 ارب کا رمضان آٹا پیکج دیا گیا، حکومت اگر اس 44 ارب کا سستا سولر کسان کو دیتی تو آٹا مزید سستا ملتا۔

چیئرمین کسان اتحاد نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ابھی تک زراعت پر ایک میٹنگ نہیں ہوئی، بجلی کا یونٹ 80 روپے کھاد بلیک میں تو کسان کہاں سے فصل اگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک یہ نہیں معلوم کہ حکومت گندم کتنی خریدے گی، کسانوں کے اعلان کردہ پیکج آج تک کسان کو نہیں ملا، حکومت اگر کسانوں کی شنوائی نہیں کرے گی تو دھرنا دیں گے، کسانوں کو شہر بند کرنے پر مجبور نہ کیا جائے۔

اس موقع پر صدر کسان اتحاد میاں عمیر کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے زراعت پر ایک بھی میٹنگ نہیں لی، شوگر مافیا نے کسان سے گنا لے لیا مگر پیسے نہیں دیئے، واپڈا نے نئی حکومت کے آتے ہی کسانوں کے ٹیوب ویلوں کی ڈیفرڈ اکاؤنٹ کو بھی بلوں میں ڈال دیا۔

انہوں نے کہا کہ کسان کو آج 54 روپے کا یونٹ مل رہا ہے، گندم کی حوصلہ شکنی حکومتوں کی جانب سے کی جارہی ہے، کسانوں کو شہر بند کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے، ن لیگ کی حکومت سڑکوں پر آنے پر مجبور کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں