Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور سعودی عرب ہر محاذ پر شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب ہر محاذ پر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے ملاقات میں انتہائی خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ اپنے عزیز بھائی سعودی عرب کے وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی بھی تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ میں نے انہیں پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں ان کی گراں قدر خدمات پر ملک کا سب سے بڑا سول ایوارڈ “نشانِ پاکستان” حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔

وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹر پر بتایا کہ میں نے ان کے ذریعے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے اپنی نیک خواہشات پہنچائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہر محاذ پر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز یوم پاکستان کے موقع پر منعقدہ پریڈ میں وزیر اعظم شہباز شریف بھی شریک ہوئے تھے جبکہ اس پریڈ کے مہمانِ خصوصی سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان تھے۔

متعلقہ خبریں