صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر کی ہدایت پر پنجاب بھر میں جعلی ادویات کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے اپنے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا کہ ڈرگ کنٹرول ٹیم نے منڈی بہاؤالدین میں جعلی ادویات بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا اور جعلی ادویات کا اسٹاک پکڑ لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ فیکٹری میں جعلی پائیوڈین، جعلی ڈیٹول، جعلی بیٹنو ویٹ کریم تیار کی جارہی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم مظہر گرفتار کرلیا گیا جبکہ فیکٹری، دو گوداموں میں بھاری اسٹاک قبضے میں لیکر تین مقامات سیل کردیے گئے ہیں۔
صوبائی وزیر صحت کے مطابق ڈرگ ونگ کی ٹیم نے سیمپلز لیکر ڈی ٹی ایل میں ٹیسٹنگ کے لئے بھیج دیے، ڈرگ ٹیم چیف ڈرگ کنٹرولر اظہر جمال سلیمی کی قیادت میں بنائی گئی ہے۔
ڈپٹی ڈرگ کنٹرولرز بلال یاسین اور حسن حیدر شاہ اور ڈرگ انسپکٹرز میں لائق خان، امان اللہ اور ڈرگ کنٹرولر منڈی بہاوالدین محمد افضل ٹیم میں شامل تھے۔
صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کی جانب سے ڈرگ کنٹرول ٹیم کو بروقت کارروائی کرنے پر شاباشی دی گئی۔



















