لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تعلقات روز افزوں بلندی کی طرف گامزن ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز اور قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف سے ترکیہ کے سفیر مہمت پیکاسی کی ملاقات ہوئی جس میں باہمہ دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترک سفیر کی جانب سے مختلف شعبوں میں پنجاب حکومت کیساتھ تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی گئی اور اس دوران ہاؤسنگ، سیاحت، تعلیم، صحت اور ووکیشنل ٹریننگ سمیت دیگر شعبوں میں اشتراک کار فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا۔
دوران ملاقات مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام ایک دوسرے سے اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہیں۔
دوسری جانب مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات تعلقات روز افزوں بلندی کی طرف گامزن ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تجارتی، معاشی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں اشتراک کار بڑھانے چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہاؤسنگ، سیاحت، صحت، تعلیم، ووکیشنل ٹریننگ اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، ترک سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، ہر طرح کی سہولتیں دیں گے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے انتہائی سازگار ماحول اور مراعات فراہم کی جارہی ہیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ترکیہ کی تیز رفتار ترقی کے تجربے اور مہارت سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، پاک ترکیہ تجارتی حجم میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بعدازاں ترک سفیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان اور ترکی کے درمیان تعاون مثالی حیثیت رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے تیز رفتاری سے اقدامات کریں گے۔
واضح رہے کہ کمرشل قونصلر نوریتین دیمیر، غضنفر محمود ڈائریکٹر ایمبیسیڈورئل آفس، سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔



















